چین کا مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور
بیجنگ 27 اکتوبر (کے ایم ایس)چین نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ معاہدوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان Mao Ning آج بیجنگ میں میڈیا بریفنگ کے دوران تنازعہ کشمیر پر ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پر چین کا موقف مستقل اور واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک تاریخی مسئلہ ہے اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوںنے کہا کہ متعلقہ فریقوں کو ایسے یکطرفہ اقدامات کرنے سے گریز کرنا چاہیے جو صورت حال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں اور انہیں تنازعات کو حل کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بات چیت اور مشاورت میں شامل ہونا چاہیے۔