World

روس یوکرین جنگ: بھارتی شہری روس کی جنگ لڑنے پر مجبور

INDIANS FIGHTING THE RUSSIAN WARنئی دہلی: بھارت میں ایک چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ بہت سے بھارتی کارکنوں کو روس یوکرین جنگ کا حصہ بننے اور روسی افواج کے ساتھ مل کر لڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی روزنامہ” دی ہندو” نے رپورٹ کیا ہے کہ کم از کم تین بھارتیوںکو ایک ایجنٹ کے دھوکے میں آنے کے بعد روسی فوج میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا جس نے انہیں”آرمی سیکورٹی ہیلپر”کے طور پر کام کرنے کی آڑ میں وہاں بھیجا تھا۔رپورٹ میں ایک ایجنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا کہ نومبر 2023تک تقریبا 18بھارتیوں کو روس-یوکرین سرحد پر مختلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے جن میں سے ایک جنگ میں مارا گیا ہے۔ یہ پہلا واقعہ ہے جس کے شواہد موجود ہیں کہ بھارتی روس کی طرف سے جنگ میں شامل ہوئے ہیں۔متاثرین میں سے ایک کے اہل خانہ نے جس کا تعلق حیدرآباد سے ہے، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔ اویسی نے25جنوری کو بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور ماسکو میں بھارتی سفارت خانے کو خط لکھ کر حکومت پر زور دیا کہ وہ ان پھنسے ہوئے افراد کی واپسی کے لیے فوری کارروائی کرے۔ بدھ(آج)کو اویسی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے جے شنکر پر دوبارہ زور دیا کہ وہ ان افراد کو گھر واپس لانے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔متاثرین نے جن کی شناخت اخبارنے ظاہر نہیں کی، اپنی دررناک کہانی سنائی ہے۔ اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک متاثرہ نوجوان نے جس کی عمر 20سال سے اوپر ہے،بتایا کہ وہ نومبر 2023میں روس پہنچے، اسلحے اور گولہ بارود کے استعمال کی بنیادی تربیت حاصل کی اور پھر جنوری میں روس-یوکرین سرحد پر روسٹوف آن ڈان بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اس یقین دہانی کے باوجود کہ انہیں میدان جنگ میں نہیں بھیجا جائے گا، وہ بندوق کی نوک پر لڑنے پر مجبور ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ہمیںمعاہدوں پر دستخط کرنے کے لیے کہا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ ہمیں فوج کے سیکیورٹی ہیلپر کے طور پر رکھا جا رہا ہے۔ ہمیں واضح طور پر بتایا گیا کہ ہمیں میدان جنگ میں نہیں بھیجا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک ایجنٹ کی مدد سے روس آیا تھا اور وہ جنگی علاقے سے فرار ہونے کے کئی دنوں بعد اپنے خاندان سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوا، لیکن ماسکو میں بھارتی سفارت خانے نے اس کی مدد کی درخواستوں کو نظر انداز کر دیا ۔انہوں نے کہاکہ ماسکو میں بھارتی سفارت خانے کو بار بار کی گئی درخواستوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ میرے پاس پورے دستاویزات نہیں ہیں اور نہ ہی پیسے ہیں، حکومت ہماری مدد نہیں کر رہی ہے۔روس میں متاثرین کو وصول کرنے والے ایجنٹوں میں سے ایک نے دی ہندو کو بتایا کہ ان افراد کا تعلق بھارت کے مختلف علاقوں سے ہے اور اگر حکومت کارروائی کرنے میں ناکام رہتی ہے تو ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button