شیو سینا کے لیڈر نے بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو "فائیو سٹار جیل”قراردیدیا
نئی دلی:بھارت میں شیو سینا کے رہنما، سنجے راوت نے بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو "فائیو سٹار جیل” قراردیتے ہوئے مودی کی بھارتی حکومت پرکڑی تنقید کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شیو سینا کے لیڈرا اور ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت نے نئی دلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت ایک فائیو سٹار جیل ہے جہاں کوئی تعمیری کام نہیں ہو سکتا ۔ اراکین پارلیمنٹ کو درپیش مسائل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی دلی میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت نہ تو کام کے لیے اور نہ ہی اجلاس کیلئے موزوں ہے۔راوت نے اپنی پارٹی کے پارلیمانی اجلاسوں کو پرانی پارلیمنٹ کی عمارت میں منتقل کرنے کاعندیہ دیتے ہوئے عوام سے آئندہ عام انتخابات میں حزب اختلاف کے انڈیا بلاک کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔بھارتی وزیر اعظم مودی نے گزشتہ سال مئی میں نئی دلی میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیاتھا۔ یہ عمارت971کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے ۔ تاہم گزشتہ سال ستمبر میں ہی نئی عمارت میں پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران متعدد مسائل سامنے آئے تھے۔ اپوزیشن کے کچھ ارکان پارلیمنٹ نے شکایت کی تھی کہ پارلیمنٹ کمپلیکس میں اراکین کو ایک دوسرے کو دیکھنے کے لیے دوربین کی ضرورت ہے۔راوت نے ملک میں کسانوں کی بڑھتی ہوئی خودکشی کے واقعات پر بھی نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔