حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے مقبوضہ کشمیرکے عوام کیلئے پاک فوج کی غیر متزلزل حمایت کا خیرمقدم
اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے پاک فوج کی طرف سے کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کی مکمل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کے اعادے کا خیرمقدم کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرزراولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 263ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا ۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی ظلم و تشدد پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیاگیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی حکومت ، عوام اور مسلح افواج کی غیر متزلزل حمایت اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے ان کے عزم کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے بیان نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کرنے والے کشمیر کے آزادی پسند عوام کے جذبہ حریت میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستانی مسلح افواج نے ہمیشہ کشمیر کاز کی حمایت کی ہے۔محمود ساغر نے کہاکہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کے حصول کی اپنے منصفانہ جدوجہد آزادی کی مسلسل حمایت کرنے پر پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو پختہ یقین ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، پاکستان انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو زمینی حقائق تسلیم اور کشمیری عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے عوام کو انکا حق خودارادیت دینا چاہیے ۔ محمود ساغر نے محمد شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی گئی۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں سید یوسف نسیم، سید اعجا رحمانی، محمد سلطان بٹ، مشتاق احمد بٹ، زاہد صفی، زاہد اشرف، سید منظور احمد شاہ، سید گلشن احمد، محمد شفیع ڈار اور دیگر نے نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کومظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترداف قراردیا ہے ۔ انہوں نے حریت پسند کشمیریوں سے نریندر مودی کے دورے کے موقع پر مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا کہ مودی ایک دہشت گر د ہے جس کے ہاتھ کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر دورے کا بنیادی مقصدقابض بھارتی فوجیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو مقبوضہ علاقے میں انسانیت کو فوجی بوٹوں تلے روند رہے ہیں ۔