مقبوضہ کشمیر:تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران متعدد افراد گرفتار
سرینگر09 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ بارہمولہ، اسلام آباد، پلوامہ، راجوری، پونچھ اور جموں کے اضلاع میں چھاپوں کے دوران ایک درجن کے قریب نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ گرفتار کئے گئے نوجوانوں میں محمد رئوف، وزیر، خورشید، محمد لطیف، اصغر اور فیضان شامل ہیں جن پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا کالا قانون یو اے پی اے لاگو کردیاگیا ہے ۔
ادھر بھارتی فوجیوں نے سرینگر، بڈگام، کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، اسلام آباد، کولگام، پلوامہ، شوپیاں، راجوری، پونچھ، ریاسی اور سانبہ کے اضلاع کے مختلف علاقوں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھیں۔پونچھ اور راجوری اضلاع کے علاقوں سرنکوٹ، تھنہ منڈی اور مینڈھر میں آج مسلسل 30ویں روز بھی تلاشی کی پرتشدد فوجی کارروائی جاری ہے ۔ بھارتی پولیس نے جموں کے علاقے Arniaمیں کھیتوں سے ایک Ak-47رائفل برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔