بھارت کو مکمل طوپر فرقہ پرست قوتوں نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے
جموں30دسمبر(کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں یونائیٹڈ پیس الائنس کے زیر اہتمام جموں میں متعددسیاسی اور سماجی کارکنوں کے ایک اجلاس میں مقبوضہ علاقے اور پورے بھارت کی سیاسی ، سماجی اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اورالائنس کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کو فرقہ پرست طاقتوں نے مکمل طور پر اپنی گرفت میں لے رکھا ہے جو اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو خوف و دہشت کا نشانہ بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہریدوار میں نام نہاد دھرم سنسد میں بھارت کو ایک ہندو راشٹر بنانے کیلئے مسلمانوں کی نسل کشی کا اعلان کیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ خوفناک بات یہ ہے کہ بھارت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور نفرت پھیلانے والے ہندو انتہا پسندوں کے اس اجتماع کو روکنے کے لیے کوئی مداخلت نہیں کررہا۔اس سے قبل فرقہ پرست ہندو انتہا پسندوںکی طرف سے مسلمانوں کی نسل کشیُ کی دھمکیوں کے خلاف ایک علامتی احتجاج بھی کیا گیا۔اس موقع پر دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں سب کچھ تباہ کر رہی ہے اور کشمیریوں سے ان کا روزگار ،زمینیں اور قدرتی وسائل چھینا چارہا ہے ۔ انہوں نے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ اپنے سیاسی اور معاشی حقوق کی بحالی کے لیے متحد ہوجائیں۔اجلاس میں بھارتی پارلیمنٹ سابق رکن شیخ عبدالرحمن ، ایشور داس کھجوریا، رام سنگھ چوہان، خالد طفیل، نریندر سنگھ خالصہ، محمد الطاف بٹ، سید نذیر شاہ، سکھ دیو سنگھ اور دیگر نے شرکت کی ۔
ادھر جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید ملک، جموں و کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران، جموں و کشمیر پیپلز ایسوسی ایشن کے کنوینر خالد شبیر اور جموں و کشمیر یونائیٹڈ فورم کے وائس چیئرمین سجاد احمد نے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے کشمیری عوام کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہاہے۔ انہوں نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ بھارت کے ان مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ دیں۔