جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے:حریت کانفرنس
سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاکے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے تنازعہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اورپاکستان کے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر ہے اور اسے ایک پائیدار مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے گھروں پرمسلسل چھاپوں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور عام لوگوں کو درپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور سرینگر اور اسلام آباد اضلاع میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں جھوٹے الزامات پر چھ نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جنگ امن کے لیے کوئی آپشن نہیں اور امن خلا ء میں نہیں بلکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سازگار ماحول میں پائیدار مذاکراتی عمل کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کو چاہیے کہ وہ سیاسی دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور جنوبی ایشیا کے عوام سمیت پوری انسانیت کے محفوظ مستقبل کے لیے ایک نئی شروعات کا آغاز کریں اور اس کے لیے ضروری ہے کہ باہمی تنازعات بالخصوص تنازعہ کشمیر کومظلوم عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو ڈرانے دھمکانے اور جدوجہد آزادی سے روکنے کے لیے وحشیانہ اور جابرانہ اقدامات کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے پاس مزاحمتی تحریک کو آگے بڑھانے کے سواکوئی چارہ نہیں ہے۔ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور د یا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں موجودہ بگڑتی ہوئی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کوبند کرانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔