بھارت

بھارت :گجرات میں مسلمانوں کو منظم طریقے سے مٹانے کے لیے درگاہوں کو مسمار کیا جا رہا ہے

نئی دہلی: بھارت میں گجرات ہائی کورٹ نے نومبر کے پہلے ہفتے میں ضلع گر سومناتھ کے آٹھ مسلمان رہائشیوں کی جانب سے پیر احمد شاہ درگاہ کی مسماری کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت کی۔
ضلع کے علاقے پربھاس پتن کی جزوی طور پر نابینا رہائشی روشن بانو اس واقعے پر شدید افسردہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک اور درگاہ ملبے کا ڈھیر بنا دی گئی۔ وہ گر سومناتھ سے مسلمانوں اور اسلام سے وابستہ ہر چیز کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔روشن بانو نے بتایا کہ بڑھاپے کے باعث ان کی بینائی ختم ہو چکی ہے اور آج وہ اس بات پر خوش ہیں کہ وہ درگاہ کی مسماری کا منظر نہیں دیکھ سکیں۔
مقامی مسلمانوں جو اس درگاہ پر حاضری دیتے ہیں، کا کہنا ہے کہ درگاہ سے منسلک چودھویں صدی کا فارسی کتبہ اور ایک قدیم دروازہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر مسمار کر دیے گئے۔ ان کے مطابق سومناتھ کوریڈور منصوبے کے تحت اس مقام کو ہندو عقیدت مندوں کے لیے استعمال میں لایا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں اس درگاہ کے تاریخی اور مذہبی وجود کو مٹایا جا رہا ہے۔
درخواست گزاروں کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل آنند یگنک نے مو¿قف اختیار کیا کہ اس تاریخی مذہبی مقام کو وقف املاک، اراضی کے حصول اور محفوظ تاریخی آثار سے متعلق قانونی طریقہ کار اختیار کیے بغیر مسمار کیا گیا۔

مزارات کی مسماری کا سلسلہ

درخواست میں ضلعی کلکٹر کی جانب سے عارضی طور پر متولی (نگران) مقرر کیے جانے کے فیصلے کو بھی چیلنج کیا گیا، جس نے درگاہ کے ٹرسٹیوں سے مشاورت کیے بغیر جائیداد کی منتقلی کے لیے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا۔ یہ ٹرسٹی ایک مشترکہ ٹرسٹ کا حصہ ہیں۔
آنند یگنک نے ہائی کورٹ میں مو¿قف اختیار کیا کہ متولی نے اکیلے ہی ایک قرارداد پر دستخط کیے، جس کے ذریعے مخصوص معاوضے کے عوض جائیداد ریاستی حکومت کے حوالے کرنے کی اجازت دی گئی۔ جائیداد کی فروخت کے لیے اس کی درخواست کو ریاستی وقف بورڈ نے فوری طور پر منظور کر لیا۔ ان کے مطابق یہ پورا عمل حصولِ اراضی کے قوانین اور وقف ایکٹ کی خلاف ورزی تھا، کیونکہ وقف ایکٹ کسی بھی وقف جائیداد کی فروخت پر سخت پابندی عائد کرتا ہے۔
درخواست گزاروں کاکہنا ہے کہ یہ کتبہ اور مقام 1904ءسے مختلف قوانین کے تحت محکمہ آثارِ قدیمہ (اے ایس آئی) کے محفوظ تاریخی آثار میں شامل تھے۔آنند یگنک نے عدالت کو بتایا کہ اے ایس آئی سے اجازت حاصل کیے بغیر قدیم عمارت مسمار کر دی گئی اور مقامی لوگوں نے ملبے سے تاریخی کتبہ برآمد کیا۔ ان کے مطابق غیر قانونی مسماری پر ضلعی کلکٹر کو اے ایس آئی کی جانب سے نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔
پیر احمد شاہ درگاہ کے علاوہ ضلع گر سومناتھ میں درگاہوں کی مسماری کے متعدد واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔ستمبر 2024ءمیں پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بلڈوزر اور کھدائی کرنے والی مشینیں سومناتھ مندر کے قریب واقع پربھاس پتن میں داخل ہوئیں۔ اس کارروائی کے اختتام تک ضلع گر سومناتھ کے علاقے ویراول میں نو اسلامی مذہبی مقامات اور 47 مکانات مسمار کر دیے گئے تھے جن میں زیادہ تر مسلمانوں کی ملکیت تھے۔انتظامیہ نے اس کارروائی کو سرکاری زمین خالی کرانے کے لیے انسداد تجاوزات مہم قرار دیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ زمین تقریباً 102 ایکڑ پر مشتمل تھی۔ تاہم مقامی رہائشیوں نے زمین کی ملکیت سے متعلق حکام کے دعوو¿ں اور مسماری کے قانونی جواز کو مسترد کیا۔ اس کارروائی سے وہ خاندان متاثر ہوئے جو نسلوں سے وہاں آباد تھے، جبکہ مزارات پر حاضری دینے والے عقیدت مند بھی اس سے متاثر ہوئے۔
مسمار کیے جانے والے کئی تاریخی مزارات میں حاجی منگرول درگاہ، پیر سلار شاہ درگاہ، غریب شاہ درگاہ اور جعفر مظفر درگاہ شامل تھیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ حاجی منگرول شاہ درگاہ 1924ءسے سابق ریاست جوناگڑھ کے محکمہ مال کے ریکارڈ کا حصہ تھی۔
مسماری کے طریقہ کار، قانونی کارروائیاں اور درخواستیں
پربھاس پتن میں پیر احمد شاہ درگاہ سے متعلق تازہ تنازعہ 19 اگست 2026ءکو شروع ہوا، جب درخواست گزار ملنگ اسماعیل حسین اور دیگر کے مطابق رات تقریباً تین بجے مسماری کی کارروائی کی گئی۔ درخواست میں درگاہ کو صدیوں پرانا مذہبی مقام قرار دیا گیا ہے، جہاں 1543ءکا فارسی سنگی کتبہ موجود تھا جو سلطان احمد شاہ سے منسوب تھا۔
درخواست میں مسماری سے قبل پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات بھی بیان کی گئی ہیں۔ درخواست گزاروں کے مطابق 2024ءمیں ٹرسٹی سلیم شاہ داداشاہ کی وفات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ان کے بیٹے داداشاہ سلیم شاہ پر دباو¿ ڈالا کہ وہ ٹرسٹ میں عہدہ حاصل کریں اور سومناتھ کوریڈور منصوبے کے لیے جائیداد ریاستی حکومت کو منتقل کرنے میں سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست 2026ءکو ایک اجلاس منعقد ہوا اور جائیداد کی منتقلی کی اجازت کے لیے درخواستیں تمام متعلقہ ٹرسٹیوں اور فریقین کی رضامندی کے بغیر جمع کرائی گئیں۔
درخواست کے مطابق گجرات اسٹیٹ وقف بورڈ نے 18 اگست 2026ءکو منصوبے کی اجازت دی اور اگلے روز 19 اگست کو علی الصبح درگاہ مسمار کر دی گئی۔
درخواست گزاروں کاکہنا ہے کہ مسماری کی کارروائی کے دوران سب ڈویڑنل مجسٹریٹ، ماملاٹدار (تحصیل کی سطح کا انتظامی افسر) اور مقامی پولیس بھی موقع پر موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخی کتبہ بعد میں مقامی برادری کے افراد نے برآمد کیا، جبکہ درگاہ سے منسلک قبروں اور دیگر عمارتوں کی بے حرمتی بھی کی گئی۔
22 اکتوبر 2026ءکو گوہیل بصیر قاسم کی جانب سے عدالت میں ایک اضافی حلف نامہ جمع کرایا گیا، جس میں درگاہ کی جائیداد کی منتقلی پر رضامندی ظاہر کرنے والے افراد کے اختیار پر سوالات اٹھائے گئے۔ حلف نامے میں گجرات کے محکمہ آثارِ قدیمہ کے ساتھ ہونے والی خط و کتابت کا بھی حوالہ دیا گیا۔
بصیر نے کہا کہ محکمہ آثارِ قدیمہ نے 8 ستمبر 2026ءکو اپنے جواب میں بتایا تھا کہ اسے درگاہ اور کتبے کے مقام کی مسماری سے متعلق کلکٹر کی جانب سے کوئی دستاویز موصول نہیں ہوئی۔بصیر نے کہاکہپیر احمد شاہ کے تاریخی مزار کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال کئی سنگین سوالات کو جنم دیتی ہے۔ اگر یہ مزار تاریخی اور مذہبی اہمیت کا حامل مقام ہے تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس کے تحفظ سے متعلق قوانین اور ضوابط پر عمل کرے۔ میرا سوال یہ ہے کہ کیا ترقی کے نام پر تاریخی ورثے کو نقصان پہنچانا مناسب ہے؟ کیا اس معاملے میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں؟
انہوں نے کہاکہ وہ پورے معاملے کی شفاف تحقیقات، متعلقہ دستاویزات منظرِ عام پر لانے اور درگاہ کو پہنچنے والے نقصان کے حوالے سے جواب دہی کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہہماری جدوجہد کسی مخصوص حکومت یا مذہب کے خلاف نہیں ہے۔ یہ تاریخی ورثے کے تحفظ، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے ایک جدوجہد ہے۔
بصیر نے بتایا کہ اس معاملے میں انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ درخواست دائر کرنا ہمارا آئینی حق ہے اور عدالتوں کے ذریعے انصاف طلب کرنے کو کبھی جرم نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ ہمارا یقین ہے کہ ہر شہری کو تاریخی اور مذہبی ورثے کے تحفظ سے متعلق خدشات اٹھانے کا حق حاصل ہے۔ ہمارا مقصد ہمیشہ قانونی طریقے سے انصاف کا حصول رہا ہے۔
ہندوو¿ں کے مذہبی زیارتی علاقے میں مسلم ورثہ
سومناتھ مندر ہمیشہ سے آج کی طرح بڑا مذہبی مقام اور سیاحتی مرکز نہیں تھا، بلکہ اسے ایک اہم ہندو مذہبیمقام قرار دینے کی کوششیں گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہیں۔ اس علاقے کی سیاسی اور انتظامی اہمیت سومناتھ کوریڈور منصوبے سے بھی پہلے کی ہے۔
14 اگست 2012ءکو اس وقت کے گجرات کے وزیراعلیٰ اور موجودہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جوناگڑھ سے الگ کر کے گر سومناتھ کے نام سے ایک نیا ضلع بنانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ ضلع ایک سال بعد 15 اگست کو باضابطہ طور پر قائم کیا گیا، جس میں ساحلی علاقے کی تحصیلیں ویراول، سوترپاڈا، تالالا، اونا اور کوڈینار شامل کی گئیں۔ حکومت نے اس اقدام کو انتظامی سہولت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ساحلی علاقے کے رہائشیوں کو سرکاری دفاتر تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔
اس اقدام کے نتیجے میں سومناتھ مندر اور اس کے گردونواح کو ایک الگ انتظامی شناخت بھی ملی، جس کی غالب شناخت ہندو مذہب سے وابستہ ہے۔
فروری 2017ءمیں گجرات حکومت نے سومناتھ مندر اور اس کے گردونواح میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مرکزی وزارتِ سیاحت سے پرسَاد (PRASAD) اسکیم کے تحت 262 کروڑ روپے طلب کیے تھے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے پر 102 کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، جس میں پارکنگ، پانی کی صفائی، سیوریج، ٹھوس فضلے کے انتظام اور سیاحوں کے لیے دیگر سہولیات کی تجاویز شامل تھیں۔
پیر احمد شاہ درگاہ کے مقدمے کی پیروی کرنے والے آنند یگنک کا خیال ہے کہ یہ سارا تنازعہ صرف ایک مقصد کے تحت پیدا کیا جا رہا ہے اور وہ یہ کہ سومناتھ مندر کے آس پاس کسی بھی درگاہ کو موجود نہ رہنے دیا جائے۔
آنند یگنک نے بتایاکہ وہ ان تمام درگاہوں کو ختم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ میں آنند یگنک ایک ہندو ہوں۔ سومناتھ مندر میرے لیے اہمیت رکھتا ہے کیونکہ میں شیو مت کا پیروکار ہوں۔ میں کئی برسوں سے باقاعدگی کے ساتھ اس مندر میں حاضری دیتا رہا ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ سومناتھ کوریڈور سے زائرین کو اپنے عقیدے کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی، لیکن بھگوان سومناتھ کے لیے میری عقیدت دوسروں کی عقیدت کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس بارے میں بالکل واضح ہوں۔ وہ اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ریاستی اداروں کو استعمال کر رہے ہیں اور بڑے کارپوریٹ ادارے ان کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی پوشیدہ ایجنڈا بابری مسجد، متھرا اور سومناتھ کے معاملات میں بھی نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ آثارِ قدیمہ بار بار نوٹس جاری کر رہا ہے کہ پیشگی اطلاع اور اجازت کے بغیر عمارتوں کو مسمار نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق ان کے پاس ایسے دو سے تین نوٹس موجود ہیں۔
آنند یگنک نے گجرات وقف بورڈ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریاستی حکومت کے سامنے جھک چکا ہے اور گجرات بھر میں اسلامی عمارتوں کو اندر سے کھوکھلا کرنے اور ان کی حیثیت تبدیل کرنے کے معاملے پر کوئی توجہ نہیں دے رہا۔
گر سومناتھ میں مسماری کی کارروائیاں ایک وسیع تر مہم کا حصہ ہیں جس کا گجرات حکومت سرِعام دفاع کرتی رہی ہے۔ 21 فروری 2024ءکو گجرات کے اس وقت کے وزیر مملکت برائے داخلہ ہرش سنگھوی نے ریاستی اسمبلی کو بتایا تھا کہ حکومت نے گجرات بھر میں 108 اسلامی مزارات مسمار کیے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ انسداد تجاوزات مہم گر سومناتھ سمیت دیگر اضلاع تک بھی پہنچ چکی ہے۔
28 مارچ 2023ءکو گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے بھی بیٹ دوارکا اور گاندھوی میں مسماری کی کارروائیوں کا دفاع کیا تھا، جہاں متاثرہ مکانات میں سے بیشتر مسلمان ماہی گیروں کے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت گجرات کی 1600 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی پر کسی بھی ”غیر قانونی سرگرمی“ کو برداشت نہیں کرے گی اور سکیورٹی اور عوامی فلاح کے نام پر مسماری کی مہم جاری رہے گی۔یہ بیانات ظاہر کرتے ہیں کہ گجرات کی ساحلی پٹی پر مسماری کی کارروائیاں محض زمین خالی کرانے کی سرگرمیاں نہیں تھیں بلکہ اعلیٰ سیاسی رہنماو¿ں نے انہیں حکومت کی وسیع تر مہم کا حصہ قرار دیا تھا۔
ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں اکثر مسلمانوں کے گھروں اور مزارات کو ازخود تجاوزات قرار دے دیا جاتا ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیرِ اقتدار ریاست میں مساجد، مزارات اور مسلمانوں کے مکانات کو بلڈوزروں کے ذریعے مسمار کیا جاتا ہے، تاکہ تاریخی ورثے اور تاریخ کو ہندو رنگ میں ڈھالا جائے اور یکساں مذہبی شناخت مسلط کی جائے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button