لہہ ایپکس باڈی کل سے اسکانگ چو تھانگ تک احتجاجی مارچ کا آغازکرے گی
لہہ: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لداخ خطے میں ماحولیاتی تحفظ کے علمبردار سونم وانگچک نے کہاہے کہ لہہ ایپکس باڈی کل17اپریل کو ہماچل پردیش کی سرحد کے قریب اسکانگ چو تھانگ تک پانچ روزہ پیدل مارچ کا آغاز کرے گی تاکہ ان چرواہوں سے اظہاریکجہتی کیا جا سکے جن کو بڑے صنعتی منصوبوں کی وجہ سے اپنی چراگاہوں سے محروم کیا جارہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لہہ ایپکس باڈی اورکرگل ڈیموکریٹک الائنس لداخ کو ریاست کا درجہ دلانے اور لداخ کے لوگوں کو آئینی حقوق کی ضمانت دلانے کے لئے گزشتہ چار سال سے مل کر ایک تحریک چلا رہے ہیں۔ سونم وانگچک نے کہا کہ مارچ کا واحد مقصد لداخ کو درپیش مشکلات ان حکام تک پہنچانا ہے جنہوں نے لداخی عوام سے وعدے کررکھے ہیں۔ لہہ ایپکس باڈی نے پہلے 7 اپریل کو سرحد(پشمینہ)مارچ کی کال دی تھی تاکہ ان کسانوں کی حالت زار کو اجاگر کیا جا سکے جو بڑے صنعتی منصوبوں اوردیگر اقدامات کی وجہ سے اہم چراگاہوں سے محروم ہورہے ہیں۔تاہم قابض حکام کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے اور انٹرنیٹ کو 2G تک محدود کرنے کے بعد مارچ کی کال واپس لی گئی تھی۔