راہل گاندھی کی طرف سے مودی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم پر کڑی تنقید
نئی دلی: بھارت میں کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے مودی حکومت کی بھارتی فوج کیلئے متعارف کرائی گئی اگنی پتھ اسکیم پر کڑی تنقید کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ نریندر مودی نے اقتدار سے چمٹے رہنے کیلئے بھارت کے عسکری ادارے کو بھی نہیں بخشا،اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مودی سرکار فوج اور اس کیلئے مختص وسائل پر بھی قابض ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی کی جانب سے اگنی پتھ سکیم زبردستی مسلط کی گئی ہے۔یہ اسکیم مسلح افواج میں بھرتی ہونیوالے بہادر نوجوانوں کی توہین ہے جو ملک کے دفاع کا خواب دیکھتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سب کچھ بھارتی فوج نہیں بلکہ مودی سرکار کا گھٹیا منصوبہ ہے۔گزشتہ ماہ بھی راہول گاندھی نے اگنی پتھ سکیم کی مخالفت کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی فوجیوں کی پنشن کیلئے مختص رقم اڈانی ڈیفنس کو جاتی ہے۔اڈانی گروپ اگنی پتھ کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم سے امریکی اور اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کرے گا۔