جموں: انسانی ہمدردی کی عظیم مثال، کشمیری پنڈت نے بھارتی ظلم کا شکار صحافی کو پانچ مرلہ اراعضی تحفے میں دیدی
بھارتی انتظامیہ نے صحافی ارفاز احمد کا گھر علاقے کی حقیقی تصویر سامنے لانے پر مسمار کر دیا ہے
جموں: دنیا میں موجود انسانوں میں جہاں ہمدردی، محبت، بھائی چارہ، ایثار و قربانی کے جذبات پائے جاتے ہیں وہی نفرت ، کینہ ، تعصب، بغض و عداوت اور کینہ پروری جیسے راذیل بھی ان کے اندر موجود ہیں۔ ایک دوسر ے سے نفرت ، فرقہ وارانہ تعصب وعناد کے باعث معاشرہ بدحالی و بدامنی کا شکار ہوجاتا ہے جبکہ تعاون ، ایثار و قربانی کے جذبات سے غم مٹتے ہیں اور ہرطرف خوشیاں جنم لیتی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہمدردی و ایثار کا ایک مثالی واقعہ گزشتہ روزبھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں پیش آیا جہاں ایک کشمیری پنڈت نے کشمیری صحافی ارفاز احمد کو اپنی پانچ مرلہ اراضی تحفے میں دی جسکا گھر حال ہی میں بھارتی انتظامیہ نے علاقے کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے لانے کی پاداش میں مسمار کر دیا تھا۔
کلدیپ کمار شرما نامی پنڈت کے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے اس عظیم اقدام کو بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے ۔ ان کے اس بے مثال انسانی جذبے نے متاثرہ صحافی ارفاز احمد ، اسکے معمر والدین اور بہن بھائیوں میں خوشی ومسرت کی لہر دوڈا دی ہے۔
ایثار و تعاون کے اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں کلدیپ کمار کو اپنی بیٹی تانیہ شرما کے ہمراہ زمین کے کاغذات صحافی کے حوالے اور ارفاز کو انہیں پرنم آنکھوں سے کاغذا ت وصول کرتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔ کلدیپ کو ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے کہ ”انہوں نے اسکا تین مرلے کا گھر مسمار کر دیا ہے ہم نے اسے پانچ مرلے دیے ہیں اور اگر دس مرلے کا گھر گرادیتے تو ہم اسے بیس مرلے دیں دیتے۔تانیہ شرما نے اس موقع پر کہا ہے کہ وہ اپنے والد کے اس اقدام کو انتہائی فخر کی نظر سے دیکھتی ہے، میرے پاس وہ الفاظ نہیں کہ اپنے جذبات کا اظہار کروں ۔ پنڈت خاندان کا کہنا ہے کہ وہ انتظامیہ کے ہاتھوں ارفاز کا چالیس برس پرانا گھر مسمار ہوتے دیکھ کر انتہائی غمزدہ ہو گئے تھے لہذا انہوں نے انسانیت کے ناطے انہیں زمین دینے کا فیصلہ کیا۔
ارفاز احمد جموں میں ایک نیوز پورٹل چلاتا ہے۔ انہیں بھارتی پولیس نے مقبوضہ علاقے میں جاری انہدامی مہم کے خلاف مظاہروں کی رپورٹنگ پر2022میں گرفتار بھی کیا تھا۔علاقے میں جاری بھارتی جبر دنیا کے سامنے لانے کی پاداش میں اب نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے انکا گھر بھی مسمار کر دیا۔







