بھارت : دو کم عمر سائنسدانوں کی پراسرار موت
نئی دہلی:
”بھارتی تنظیم برائے دفاعی تحقیق و ترقی “سے منسلک دو سائنسدانوں کی گزشتہ پانچ ہفتوں میں پر اسرار حالات میںموت واقع ہو ئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق برہموس سپرسونک کروز میزائل پراجیکٹ پر کام کرنے والا 30 سالہ سسٹم انجینئر آکاش دیپ گپتا 21 اکتوبر کی شب رات کے کھانے کے بعد اپنی رہائش گاہ پر بیہوش ہو کر گر پڑا۔ اسے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ گوکہ پوسٹ مارٹم میں اسکی موت کی وجہ دل کا دورہ پڑنا قرار دیا گیا تاہم محض ایک 30سالہ انجینئر کی اچانک موت نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔
اس واقعے کے ایک ماہ بعداور کچھ روز بعد میسور میں ڈی آر ڈی او کی ڈیفنس فوڈ ریسرچ لیبارٹری میں تعینات ایک 28 سالہ جوائنٹ ڈائریکٹر آدتیہ ورما 27 نومبر کی صبح اپنے گھر کے واش روم میں بے ہوش پایا گیا۔ اس کی شادی صرف دو دن پہلے ہوئی تھی۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے بھی مردہ قرار دیا۔آدتیہ کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے اور اس حوالے سے فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔







