پونچھ حملہ بی جے پی نے سیاسی فائدے کیلئے کرایا،چرنجیت سنگھ
نئی دہلی: بھارتی پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے رہنما چرنجیت سنگھ چنی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوجی قافلے پر حالیہ حملہ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )نے اپنے سیاسی فائدے کے لیے کرایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جرنجیت سنگھ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بی جے پی کی ایک چال تھی جو اس نے انتخابی فائدے کیلئے چلی۔انہوںنے کہا کہ یہ کوئی دہشت گرد حملہ نہیں تھا بلکہ جب بھی انتخابات آتے ہیں بی جے پی اس طرح کی کارروائیاں کرتی ہے ، پچھلے عام انتخابات کے دوران بھی اس نے اسطرح کی کارروائیاں کی تھیں۔
چرنجیت سنگھ نے مزید کہا کہ بی جے پی لوگوں کی جانوں سے کھیل رہی ہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میںششی دھر کے قریب بھارتی فوج کی دو گاڑیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں پانچ فوجی اہلکار زخمی ہوگئے تھے جن میں سے ایک بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔