بھارت :مغربی بنگال میں ہندو انتہاپسندوں کامسیحی دعائیہ مجلس پر حملہ
کولکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع مالدہ میں ہندو انتہا پسند تنظیموں بجرنگ دل اور ہندو جاگرن منچ کے ارکان نے مسیحیوں کی ایک دعائیہ مجلس پر حملہ کیا،مکان میں توڑ پھوڑ کی اور عبادت گزاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ واقعہ ہریش چندر پور کے علاقے گولا مورے میں پیش آیا۔ہندو انتہاپسنداتوار کی سہ پہر ایک مکان میں داخل ہوئے جہاں مسیحی مبلغین کی ہفتہ وار دعائیہ مجلس جاری تھی۔ حملہ آوروں نے الزام لگایا کہ وہاں مذہب تبدیل کرانے کی سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔مسیحی برادری کے ارکان نے بتایا کہ مشتعل افراد مکان میں داخل ہوئے۔ انہوں نے توڑ پھوڑ کی اور عبادت گزاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
موقع پر موجود ایک مبلغ نے مذہب کی تبدیلی کے الزام کی تردید کی۔ انہوں نے کہاکہ کوئی مذہب تبدیل نہیں کرایا جا رہا تھا۔ وہاں گفتگو اور دعائیں ہو رہی تھیں۔ بجرنگ دل کے ارکان نے دعوی کیا کہ ان کے پانچ کارکن زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج ہریش چندر پور دیہی اسپتال میں جاری ہے۔ بجرنگ دل کے شمالی مالدہ ضلع کے رابطہ کار ریتھم داس نے الزام لگایا کہ مالی طور پر کمزور افراد کو مذہب تبدیل کرنے پر آمادہ کیا جا رہا تھا۔ ان میں 100سے زائد ہندو درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ تقریبا 40 خاندان پہلے ہی مذہب تبدیل کر چکے ہیں۔ انڈیا ہیٹ لیب کے مطابق 13مئی سے 20ستمبر کے درمیان ریاست کے 13اضلاع میں مسیحیوں کو نشانہ بنانے کے کم از کم 60 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ ان میں نجی دعائیہ اجتماعات، گھروں اور گرجا گھروں پر 52چھاپے شامل ہیں۔ جسمانی تشدد، ہجوم کے حملوں اور توڑ پھوڑ کے آٹھ واقعات بھی پیش آئے۔
بنگیا کرسچین پریشبا نے 5 اکتوبر کو مغربی بنگال کے انسانی حقوق کمیشن سے رجوع کیا۔ یہ تنظیم ریاست بھر کے مسیحیوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس نے قومی انسانی حقوق کمیشن اور قومی اقلیتی کمیشن کو بھی درخواستیں جمع کرائیں۔ درخواستوں میں نجی دعائیہ اجتماعات زبردستی روکنے اور عبادت گزاروں پر حملوں کے الزامات لگائے گئے۔نومبر میں بھی ایسے واقعات کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس کے مطابق30سے 35افراد پر مشتمل ایک گروہ نے جنوبی 24 پرگنہ کے علاقے نارائن تالا میں افتتاحی تقریب کے دوران ایک گرجا گھر پر دھاوا بولا۔ انہوں نے مذہبی علامات کو نقصان پہنچایا اور پادریوں پر حملہ کیا۔اسی طرح یکم نومبر کو 60سے 70افراد پر مشتمل ایک ہجوم نے بردوان کے ٹرو لائٹ ہارویسٹرز چرچ میں اتوار کی دعائیہ مجلس پر حملہ کیا۔







