سرینگر:انجمن اوقاف کی طرف سے میر واعظ کوگھر میں غیر قانونی نظربندی کی مذمت
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کوآج ایک بارپھر سرینگر میں گھر میں نظر بند کر کے تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجمن اوقاف جامع مسجد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںقابض انتظامیہ کی طرف سے میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل دوسرے جمعہ کو گھر میں نظر بند کرنے اور انہیں جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بھی میرواعظ سے ملنے کی اجازت نہیں ہے ۔ بیان کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں نظربند ی اور انہیں جامع مسجد میں نماز جمعہ کاخطبہ دینے سے روکنا مسلمانوں کے دینی فرائض میں مداخلت کے مترادف اور انتہائی قابل مذمت اقدام ہے ۔ انجمن اوقاف نیکہا کہ 25مئی کوکشمیر ہائی کورٹ میں میرواعظ کی غیر قانونی نظر بندی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہورہی ہے اور توقع ہے کہ عدالت عالیہ انکی رہائی کے بارے میں قابض انتظامیہ کو مناسب حکم جاری کرے گی ۔