بھارت :آسام میں مسلماں خاتون کو’ ’جے شری رام‘ ‘کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا گیا

گوہاٹی : بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست آسام میں ہندوانتہاپسندوں نے ایک مسلمان خاتون کو ”جے شری رام“کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک وائرل ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہندو انتہاپسند ایک مسلمان خاتون کو”جے شری رام“ کا نعرہ لگانے پر مجبور کررہا ہے جس پر سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔بہت سے صارفین نے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہندو انتہاپسندخاتون سے اس کا نام پوچھ رہا ہے۔ جب وہ اپنا نام مافیہ اخترہ بتاتی ہے جس سے اس کی مسلمان شناخت ظاہر ہوتی ہے۔ اس کے بعد اسے بار بار ”جے شری رام“ کا نعرہ لگانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ انتہاپسند بارباردہراتا ہے،ٹھیک طریقے سے کہو، اونچی آواز میں کہو، میں تمہیں سن نہیں سکتا۔ اس کے بعد کیا ہوا یہ واضح نہیں ہے۔ویڈیو کی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی ہے، کئی صارفین نے اسے مذہبی بنیاد پر ہراساں کرنے کی ایک اورمثال قراردیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ دوسروں کو جے شری رام کا نعرہ لگوانے سے آپ کا مذہب کیسے اچھا ہو جاتا ہے؟ اس سے احساس کمتری کی عکاسی ہوتی ہے اورظاہر ہوتا ہے کہ بھار ت میں مسلمانوں کو کس طرح ہراساں کیا جارہاہے۔ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ اب سوچیں کہ کیا مسلمان کسی کو اللہ اکبر کہنے پر مجبور کرتے ہیں؟ مسلمان ان کی طرح احساس کمتری کا شکار نہیں ہیں۔





