سرینگر : بھارتی پولیس کا دھرنے پر بیٹھے شہید شہریوں کے اہلخانہ پر رات کے وقت طاقت کا وحشیانہ استعمال
سرینگر 18 نومبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے شہر میں جعلی مقابلے میں چار شہریوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف سری نگر کے پریس انکلیو میں دھرنے پر بیٹھے غمزدہ اہلخانہ اور سول سوسائٹی کے کارکنوں پر رات کے وقت دھاوا بول دیا اور طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے پیر کی رات سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائی کے دوران ایک ڈاکٹر سمیت چار شہریوں کو جعلی مقابلے میں بے دردی سے شہید کر دیا تھا۔درجنوں مسلح اور نقاب پوش بھارتی پولیس اہلکاروں نے بدھ کی رات سری نگر میں پریس انکلیو پر چھاپہ مارا اور دھرنے پر بیٹھے افراد کو گرفتار کر لیا۔ ڈاکٹر مدثر شہید اور الطاف احمدشہید کے ورثار اپنے پیاروں کی میتیں واپس کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس کی قیادت میں پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو گھسیٹا اور انہیں حراست میں لے لیا۔ اس دوران کچھ افراد نے مزاحمت کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔