جنیوا

عالمی برادری کشمیری و فلسطینی بچوں، خواتین کے حقوق کیلئے کردار ادا کرے، مقررین

5454

جنیوا: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 56ویں اجلاس کے موقع پرجنیوا میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے تنازعات والے علاقوں میں خواتین اور بچوں کو درپیش اہم چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے کونسل کے فعال کردار پر زور دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ”تنازعہ کی خواتین اور بچے“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں شمیم شال، کیرولین ہینڈچن موزر، جولی وارڈ ، بیرسٹر مارگریٹ اوون ، سٹیلا ہیرس، غزالہ حبیب ، احمد بن قاسم ، ماریہ اقبال,ایڈووکیٹ پرویز، ڈاکٹر ولید رسول اور مدیحہ خان سمیت انسانی حقوق کے نامور کارکنوں، بین الاقوامی قانون کے ماہرین اور دنیا کے مختلف حصوں سے ماہرین تعلیم نے شرکت کی اور خطاب کیا، تقریب کی نظامت کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے کی۔
مقررین نے کشمیری اور فلسطینی عوام کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے افسوس سے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قوانین کے باوجود یہ دونوں شدید مشکلات کابدستور شکار ہیں۔انہوںنے کہا کہ دونوں خطوں میں خواتین اور بچے سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ہنگامی حالات اور مسلح تصادم کے دوران خواتین اور بچوں کی تکالیف بڑھ جاتی ہیں اور وہ غیر انسانی کارروائیوں کا ایک بڑا ہدف بن جاتے ہیں۔مقررین نے جنیوا کنونشنز سمیت بین الاقوامی انسانی قوانین کے مساوی اطلاق اور نفاذ پر زور دیا۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ ان قوانین پر عمل درآمد نہ ہونا ہی کشمیر اور فلسطین میں تشدد اور مسلسل خونریزی کی بنیادی وجہ ہے۔مقررین نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری بچوں کے حقوق کے لیے اٹھ کھڑی ہو جو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہیں۔
مقررین نے انسانی حقوق کونسل سے اپیل کی کہ وہ آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی سمیت بھارتی جیلوں میں بند کشمیری خواتین کی رہائی کے لئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔ سیمینار کا انعقاد انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین اور کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button