مقبوضہ جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے چار افرادسڑک حادثے میں جاں بحق
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کٹرہ کے علاقے ککریال سے تعلق رکھنے والے چھ سالہ بچے سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد بھارتی پنجاب میں ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حادثہ ضلع ہوشیار پور کے تھانہ ٹانڈہ کی حدود میں اڈان سرن کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک کارکو جس میں پانچ افراد پرسوارتھے،تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی ۔ واقعے کے تفتیشی افسر اے ایس آئی راجیش کمار نے بتایاکہ ڈرائیور سمیت چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ انہوںنے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت فاروق احمد، اس کے بھائی عارف احمد اور دو بچوں 17سالہ موبیش اور6سالہ ارسلان کے طور پر کی ہے جو تمام ککریال کٹرا کے رہنے والے ہیں۔ زخمی کی شناخت فاروق احمد کی بیوی سحرش نازنین کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ زخمی خاتون کو امرتسر کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال داسویا بھیج دیا گیا ہے۔پولیس افسر کے مطابق متاثرہ خاندان عارف احمد کے علاج کے لیے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ چندی گڑھ جا رہاتھا۔