برہان وانی کے آٹھویں یوم شہادت پر کراچی میں ریلی نکالی گئی
کراچی:
صوبائی دارلحکومت کراچی میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنونیر غلام محمد صفی کی قیادت میں شہید برھان مظفر وانی کے یوم شہادت کے موقعہ پر ایک ریلی نکالی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی میں پاکستان کی سیاسی،مذہبی اور سماجی جماعتوںکے رہنمائوں سمیت ہزاروں افرادنے شرکت کی ۔ ریلی میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء ایڈوکیٹ پرویز احمد، اعجاز رحمانی،راجہ خادم حسین اور امتیاز وانی بھی شامل تھے۔ ریلی کے شرکاء نے کراچی آرٹس کونسل سے پریس کلب تک مارچ بھی کیا۔ ریلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سعید غنی، متحدہ قومی موومنٹ کے امین الحق، جماعت اسلامی کے پرویز ، راجہ اظہر، مفتی عثمان ، سلیم الیاس، عبدالرحمن، فلسطینی فائونڈیشن کے ڈاکٹر صابر ابو، ڈاکٹر مریم ، وزیر آزاد کشمیر امیر غفار لون،پیپلز پارٹی لائرزفورم کے صدر قاضی بشیر اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے نعرے بھی لگائے گئے۔ ریلی کے شرکاء نے برہان مظفر وانی کی تصاویر والے بینرز اٹھارکھے تھے ۔