بی جے پی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو اندھیروں کی طرف دھکیل دیا ہے، جی اے میر
سری نگر:کانگریس کے سینئر رہنما غلام احمد میر نے مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پالیسیوں کیوجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام احمد میر نے ضلع اسلام آباد کے علاقے کپران ڈورو میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقہ ترقی، معیشت، سیاست اور روزگار کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد یہاں کچھ بھی نہیں بدلا اور بی جے پی حکومت کشمیریوں سے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ جموں و کشمیر کو اندھیروں کی طرف دھکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے بے روزگاری، اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بجلی کی عدم فراہمی اور دیگر مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس سب کی ذمہ بی جے پی کی بھارتی حکومت ہے۔