جعلی مقابلوں میں شہید کئے گئے کشمیریوں کی میتیں لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ
سرینگر 22 نومبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس نے شہید اطہرمشتاق وانی کی میت سمیت بھارتی فوجیوں کی طرف مارچ 2020 سے جعلی مقابلوں میں شہید کئے گئے تمام کشمیریوں کی میتیں ان کے لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ لواحقین کو اپنے پیاروں کی میتیں نہ دینا انسانیت کے اصولوں اور بین الاقوامی قوانین اور جنیوا کنونشنز کی بھی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام شہداءکو ان کے ورثاءکی خواہشات کے مطابق باعزت تدفین کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں 2020 کے آغاز سے کم از کم 83 افراد کو ان کے گھروں سے دور اہلخانہ کی خواہشات کے بر خلاف دفن کیا گیا ہے۔احسن انتو نے مختلف جعلی مقابلوں میں شہیدکئے گئے افراد کے لواحقین سے اپیل کی کہ وہ 29 نومبر کومتفقہ طور پر اپنے پیاروں کی میتوں کی واپسی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کریں۔ انہوں نے سول سوسائٹی، بار ایسوسی ایشن اور تاجر برادری پر بھی زوردیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے احتجاج میں شامل ہوجائیں۔احسن انتو نے مودی حکومت پر زور دیا کہ وہ ایک بین الاقوامی ادارے کو حیدر پورہ میں معصوم شہریوںکے قتل کی تحقیقات کی اجازت دے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے-