بھارت کا علاقائی بالادستی کا خواب چکنا چورہوگیا
نئی دلی 08اگست ( کے ایم ایس )
بھارت کا علاقائی بالادستی کا خواب چکنا چورہوگیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کی علاقائی بالادستی کی خواہش پورے خطے میں بدامنی اور افراتفری کاباعث بن رہی ہے۔ مودی سرکار نے اپنے مذموم عزائم کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے علاقائی امن دائوپر لگا رکھا ہے۔ خطے میں بھارت کی بالادستی قائم کرنے کیلئے مودی سرکارنے ہمسایہ ممالک میں دراندازی کی ہرممکن کوشش کی ہے ۔ بھارت نے اپنے چاروں اطراف نفرت کے بیج بو رکھے ہیں، کبھی چین کے ساتھ بارڈر کے مسئلے پر خطے کا امن تباہ کرتا ہے تو کبھی قریبی ریاستو ں کو اپنے سیاسی اور عسکری مقاصد کیلئے استعمال کرتا ہے۔بھارت نے ناصرف بنگلہ دیش اور سری لنکا بلکہ نیپال،میانمار، بھوٹان اور مالدیپ میں بھی اپنی من پسند حکومتیں لانے کی سرتوڑ کوششیں کی ہیں۔ بھارت نے جن ہمسایہ ملکوں میں دخل اندازی کی ان میں بنگلہ دیش سرِ فہرست ہے ۔ اس سے قبل مالدیپ کے موجودہ صدر نے ‘انڈیا آوٹ’ مہم شروع کی تھی جس کو مالدیپ کی عوام نے سراہا اور بھارت مخالف سوچ رکھنے والے سیاسی امیدوارانتخابات میں کامیاب ہوئے ۔ مودی سرکار نے اپنے دوسرے دورِحکومت میں ریاستی دہشتگردی کو پروان چڑھایااور ہر مخالف آواز کوبندوق کے زور پر دبا دیا۔مودی کی ریاستی دہشتگردی کا دائرہ کار بھارتی اقلیتوں کے علاوہ علاقائی اور غیر علاقائی ریاستوں تک پھیلا ہو اہے ۔ بھارتی خفیہ ایجنسی راکی طرف سے بیرون ملک سکھ رہنمائوں کے بہیمانہ قتل نے مودی سرکار کا اصل گھنائونا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے ۔حال ہی میں بنگلہ دیش کی سابق حکمران اور مودی کی علاقائی حلیف شیخ حسینہ واجد بھارتی حمایت پر مبنی پالیسیوں کی بھینٹ چڑھ گئیں۔بنگلہ دیشی عوام نے حسینہ واجد کی کٹھ پتلی حکومت ،جو کہ بھارت کے علاقائی بالادستی کے ایجنڈے پر کام کر رہی تھی ،کا تختہ الٹ دیا۔بھارت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ خطے میں ریاستی دہشتگردی کے ساتھ ساتھ بدامنی اور غیر یقینی صورتحال کو فروغ دے رہاہے ا ور کسی بھی طرح ایک ذمہ دار ریاست نہیں ہے۔