بھارت :بجرنگ دل کے ارکان کی اسکول میں زبردستی گھس کرمسلمان طالبات کو دھمکیاں
حیدرآباد:بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع ونپرتی میں واقع چانکیہ ہائی اسکول میں ہندو انتہاپسند تنظیم بجرنگ دل کے ارکان زبردستی گھس آئے اور مسلمان طالبات کو جو انتظامیہ سے اجازت لے کر ایک کمرے میںجمعہ کی نمازاداکر رہی تھیں، ڈرانے دھمکا نے لگے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے اگرچہ یہ واقعہ جمعہ 23اگست کو پیش آیاہے تاہم ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ ضلع ونپرتی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو چاہیے کہ وہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کریں اور اس میں ملوث تمام مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کریں۔ اس واقعے سے نہ صرف مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں بلکہ والدین اور طلبا ء میں خوف پیدا ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں انتہا پسند وں کواحاطے میں داخل ہوتے اور طالبات کو دھمکاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں انتہا پسند اسکول انتظامیہ سے بحث کرتے اوران کو دھمکاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔