ہماچل پردیش ہندو انتہاپسند تنظیم کی طرف سے مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ کی مہم
شملہ: بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں ہندوتوا تنظیم دیو بھومی سنگھرش سمیتی نے مسلمان دکانداروں کے معاشی بائیکاٹ کی مہم شروع کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہندوتوا تنظیم نے ریاست میں جہاں بی جے پی کی حکومت قائم ہے مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے سنجولی اور ریاست کے دیگر علاقوں میں سبزی فروشوں کی دکانوں پر سناتن سبزی والے کے بورڈز لگائے ہیں۔ مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ کی مہم کا مقصد ہندو دکانداروں کوفروغ دینا اور مسلمانوں کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنانا ہے ۔
سوشل میڈیا پروائرل ایک ویڈیو میں ہندوتوا کارکن دکانوں کے باہر بورڈ آویزاں کر رہے ہیں اور لوگوں کو مسلمان دکانداروں کے بائیکاٹ کا کہاجارہاہے ۔ہماچل پردیش سمیت بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے اضلاع بالخصوص شملہ، سنجولی اور منڈی میں حالیہ دنوں میں مسلم مخالف مظاہروں اور نفرت انگیز تقاریر میں اضافہ دیکھاگیاہے۔اس سے قبل، ہندوتوا تنظیموں نے سنجولی مسجد کو منہدم کرنے اور "بیرونی لوگوں” کی تصدیق کا مطالبہ کیا تھا، یہ اصطلاح اکثر مسلمانوں کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔