کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے سانحہ بجبہاڑہ کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے سانحہ بجبہاڑہ کے شہدا کو ان کے 31ویں یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور محمود احمد ساگر نے اسلام آباد میں اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ کشمیری شہدا کی قربانیاں جلد ہی رنگ لائیں گی ور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی اور سیاسی انصاف ملے گا جسے بھارتی حکومت نے 1947سے چھین رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری شہدا ء کی قربانیوں کو جن کی بدولت تنازعہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر مرکز نگاہ بن چکاہے، رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیاکہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اوربھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل پر بھی زوردیا ۔