مقبوضہ کشمیر پولیس،” این آئی اے“ نے نویں جماعت کے طالب علم سمیت پانچ افراد گرفتار کر لیے
سرینگر24 جون (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے آج(جمعہ) ضلع بڈگام میں چار کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے بھارتی فوجیوں اور پیرا ملٹری فوجی اہلکاروں کے ساتھ مل کر نوجوانوں یونس منظور، محبوب احمد، ارشاد احمد اور مظفر احمد کو ضلع کے علاقوں وتھورا، اریگام اور پرنیوا سے گرفتار کیا۔پولیس نے گرفتار نوجوانوںکی غیر قانونی حراست کو جواز فراہم کرنے کے لیے انہیں ایک مجاہد تنظیم کا رکن قرار دیا۔پولیس نے ایک موٹر سائیکل اور چار گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں۔
بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ”این آئی اے “کے اہلکاروں نے سرینگر کے علاقے نواکدل سے نویں جماعت کے طالب علم فیصل سجاد نائیکو کو اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔ این آئی اے کی ٹیم نے چھاپے کے دوران فیصل اور اس کے والدین کے موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے۔این آئی اے نے وادی کشمیر اور جموں خطہ کے ضلع کٹھومیں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔