احسن اونتو کی طرف سے تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ
سرینگر 08نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں غیر قانونی طورپرنظربندانٹرنیشنل فورم فار ہیومن رائٹس اینڈ جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کو اپنے لواحقین کی نماز جنازہ میں شرکت یاملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے ۔
احسن اونتو نے جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے جاری ایک پیغام میںکہا ہے کہ جیل میں نظربند کشمیریوں منظور احمد اور ظہور احمدکی والدہ شوپیاں میں انتقال کر گئی ہیں تاہم انہیں نہ تو اپنی والدہ کاآخری دیدار کرنے اور نہ ہی انہیں ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں بھائی گزشتہ دس برس سے جیل میں غیر قانونی طورپر قید ہیں جبکہ ان کے خلاف قائم جھوٹے مقدمات ابھی تک عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ احسن اونتو نے کہاکہ منظور اور ظہور کی والدہ اپنے بیٹوں سے ملاقات کی خواہش دل میں لئے اس دنیا سے کوچ کر گئی ہیں ۔ انہوں نے غیر قانونی طورپر نظربند تمام کشمیری حریت پسندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔