مقبوضہ کشمیر: کل جماعتی حریت کانفرنس کا بڑھتی ہوئی بھارتی فوجی جارحیت پر اظہار تشویش
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نہتے کشمیریوں کے خلاف بڑھتی ہوئی بھارتی فوجی جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر خالصتاً ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرور ت ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے کہاہے کہ سرینگر میں حریت کانفرنس کے ایک اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیریوں کی اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کیلئے دی گئی بے مثال قربانیوں کو عصر حاضر کی آزادی کی تحریکوں میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے ۔ اجلاس کے شرکاء نے کہاکہ دفعہ370 اور35A کی منسوخی کے بعد گزشتہ پانچ سال سے مقبوضہ علاقے میں حریت رہنمائوں ، سول سوسائٹی کے ارکان ، صحافیوں، وکلا، انسانی حقوق کے علمبرداروں ، عام شہریوں اور دیگر سیاسی رہنمائوں کو غیر قانونی طورپر نظربندیوں اورسفری پابندیوں کا سامنا ہے۔بھارتی آئین کی ان دفعات کے تحت مقبوضہ کشمیر کوخصوصی حیثیت کے علاوہ اپنا آئین، جھنڈا، قوانین اور مقامی کشمیریوں کے زمین، تعلیم اور نوکریوں کے حقوق حاصل تھے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں دس لاکھ سے زائد قابض فوجیوںکو تعینات کر رکھا ہے جنہیں مقبوضہ کشمیرمیں رائج کالے قوانین کے تحت نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔اجلاس میں حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کی گئی اور حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، مشتاق الاسلام، امیر حمزہ، ڈاکٹر حمید فیاض، عبدالاحمد پرہ، حیات احمد بٹ، ظفر اکبر بٹ، محمد یوسف فلاحی، رفیق احمد گنائی، ظہور احمد بٹ، عمر عادل ڈار، محمد یاسین بٹ، فیاض حسین جعفری، انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز اوربھارت اور کشمیر کی مختلف جیلوں میں قید صحافیوں کی فوری رہائی پر زور دیاگیا۔اجلاس کے شرکاء نے سرینگر میں حال ہی میں ایک جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کانوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔