میرواعط کا جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیری رہنمائوں، کارکنوں،وکلاء اور صحافیوںکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے ایکس پرایک بیان میں نظربندکشمیریوںکی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں انسانی حقوق کے دن پر ایک بار پھر جیلوں میں بندحریت قیادت، وکلائ، انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں، تاجروں اور نوجوانوں کی رہائی کی اپیل کرتا ہوں۔میرواعظ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں سرکاری ملازمین کی برطرفی کو غیر منصفانہ اور بلاجواز قراردیتے ہوئے اس کی مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ دو مزید سرکاری ملازمین کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے بیک جنبش قلم فارغ کر دیا گیااورشدید سردی کے اس موسم میں ان خاندانوں کو بے سہارا کردیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ سزا اور خوف ہمارے یہاں حکمرانی کرنے والی آمرانہ ذہنیت کی پہچان بن چکے ہیں۔انہوں نے کسی قانونی کارروائی کے بغیر برطرف کیے گئے ملازمین کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے قابض انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس طرز عمل کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔