بھارت ہمیشہ مظلومیت کارڈ کھیل کر اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتا ہے: رپورٹ
اسلام آباد: پاکستان اور کشمیر کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لیے بھارت کی جانب سے اپنی پارلیمنٹ پر کیے جانے والے جعلی حملے کوآج 23برس مکمل ہو گئے ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے اس دن کے حوالے سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے اپنے مذموم عزائم کو حاصل کرنے کے لیے جعلی کارروائیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور 13دسمبر 2001کا حملہ بھی ایسی ہی کارروائیوں میں سے ایک تھی۔پارلیمنٹ پر حملے جیسے ڈراموں کا مقصد پاکستان اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بدنام کرنا تھا۔رپورٹ میں سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے، پٹھانکوٹ، اوڑی، پلوامہ اور جموں میں بھارتی فضائیہ کے اڈے پر حملوں کا حوالہ دیاگیا ہے جو بھارت کی طرف سے کئے گئے ایسے ہی فالس فلیگ آپریشنز ہیں ۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ بھارت نے اپنے پاکستان دشمن اور تحریک آزادی کے خلاف ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ہمیشہ جھوٹ کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کیا ہے۔بھارت ہمیشہ مظلومیت کارڈ کھیلتا ہے اور اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ماضی میں بھارت نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان کو جعلی آپریشنوں میں ملوث کرنے کی کوشش کی ہے۔