بھارت

بھارت : مہاراشٹرا میں 18 سالہ مسلمان طالب علم کو تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیاگیا

ممبئی : بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک 18 سالہ مسلمان طالب علم کو ہندوانتہاپسندوںنے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا جبکہ ایک اور نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دھاراشیو کے قصبے تلجاپور میں تقریباً 15 سے 20 افراد کے ایک گروہ نے 18 سالہ مسلمان طالب علم کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا دوست شدید زخمی ہو گیا۔ دونوں نوجوانوں کو اس شبہے پر مارا پیٹا گیا کہ وہ دوسری برادری کی لڑکیوں سے بات کر رہے تھے۔
مقتول کی شناخت سمیر جبار پٹیل کے نام سے ہوئی ہے جو تلجاپور کے تلجابھوانی کالج میں بی کام کے پہلے سال کا طالب علم تھا۔ اس کا دوست اور رشتہ دار ارباز افضل سید شدید زخمی ہوا جس کا علاج دھاراشیو کے ضلعی اسپتال میں جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق سمیر اپنا امتحان دینے کے بعد گھر واپس آرہا تھا کہ ہندو انتہاپسنداسے اپنے ساتھ لے گئے۔ بعد ازاں اسے ایک آشرم کے احاطے میں لے جایا گیا، جہاں تقریباً 15 سے 20 افراد کے ایک گروہ نے اسے بیلٹوں اور لوہے کی سلاخوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔
سمیر کو احاطے کے اندر گھیر کر بے رحمی سے مارا پیٹا گیا جس کے نتیجے میں وہ دم توڑ گیا۔بعد ازاں اسے ایک پارکنگ کے علاقے میں انتہائی تشویشناک حالت میں پایا گیا۔ اہل خانہ اسے فوری طور پر اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
ارباز کے بیان کے مطابق وہ تلجاپور میں ایک چائے کے اسٹال پر بیٹھا ہوا تھا کہ تین ہندو افراد نے اسے زبردستی ایک گاڑی میں بٹھایا اور شندے مہاراج کے ایک فارم ہاو¿س پر لے گئے۔وہاں اسے بار بار چہرے اور کمر پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ حملہ آوروں نے اسے بیلٹوں اور سلاخوں سے بھی مارا، اس سے موبائل فون کا پاس ورڈ طلب کیا اور اس کے فون کا تمام ڈیٹا چیک کیا۔
ارباز نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرے فون میں کوئی قابل اعتراض چیز نہ ملنے کے باوجود وہ مجھے مارتے رہے۔ اس نے بتایا کہ حملہ آوروں نے اس کی جیب سے 10 ہزار روپے بھی نکال لیے اور الزام لگایا کہ وہ ان کے علاقے میں پیسے کماتا ہے اور ان کی برادری کی لڑکیوں کو ہراساں کرتا ہے۔
ارباز نے بتایا کہ اسے تقریباً دو گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد حملہ آوروں نے اسے مردہ سمجھ کر تلجاپور قصبے کے ایک پارکنگ ایریا میں پھینک دیا۔ تاہم وہ زندہ تھا اور بعد میں زخمی حالت میں پایا گیا۔ اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ملزمان میں تلجاپور میونسپل کونسل کے سابق صدر سنتوش دیوداس کدم، جو پرمیشور کدم کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، سنجے ولاس جادھو، پرناو دیوکاٹے، ماسکے اور دو نامعلوم افراد شامل ہیں۔
سابق صحافی اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رہنما امتیاز جلیل سید نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارت میں بالخصوص بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں مسلمانوں کو قتل، بدسلوکی اور تشدد کا سامنا ہونے کے ساتھ ساتھ مذہبی مقامات سمیت ان کی جائیدادوں کو بھی مسمار کیا جا رہا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button