کشمیری تاجروں کا جموں وکشمیر بینک کے خلاف احتجاج کی دھمکی
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں تاجروں نے جموں وکشمیر بینک کے استحصالی ہتھکنڈوںکے خلاف پوری وادی میں احتجاج کرنے کی دھمکی دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فیڈریشن آف چیمبرز آف انڈسٹریز کشمیر سے وابستہ تاجروں نے کہا کہ بینک قرض لینے والوں بالخصوص چھوٹے اوردرمیانہ درجے کے تاجروں کو نوٹسز، بے دخلی کے احکامات اور ای نیلامی جیسے اقدامات کے ذریعے ہراساں اور پریشان کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں سے قرض لینے والوں کو اپنے گھروں اور کاروبار سے بے دخل ہونے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ صنعتکاروں نے صارفین کی جانب سے ادائیگیوں میں تاخیرکی وجہ کو دیکھے بغیر صرف تین ماہ بعد بینک کی جانب سے کھاتوں کی(بے کاراثاثے)کے طورپر درجہ بندی کرنے پر تنقید کی۔ انہوں نے سود کی زیادہ شرح اور ضرورت سے زیادہ سیکورٹی مطالبات کی بھی مذمت کی جو بقول ان کے مقامی کاروباروں پر ایک بڑابوجھ ہے۔فیڈریشن آف چیمبرز آف انڈسٹریز کشمیرنے پرامن دھرنوں، پریس بریفنگ اور حکومت اور ریزرو بینک آف انڈیا سے مداخلت کی اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے قرض لینے والوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنانے تک احتجاج جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔