ریاسی : متنازعہ چیئر لفٹ منصوبے کے خلاف ہڑتال ساتویں دن بھی جاری

جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے ضلع ریاسی کے علاقے کٹرا میں ویشنو دیوی چیئرلفٹ منصوبے کے خلاف ہڑتال منگل کو ساتویں روز بھی جاری رہی ۔ ہڑتال کی وجہ سے علاقے میں معمولات زندگی مفلوج رہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علاقے میں دکانیں اور ٹرانسپورٹ معطل رہی جس سے لوگوںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شری ماتا ویشنو دیوی سنگھرش سمیتی کے زیر اہتمام احتجاج میں متعدد نوجوان بھوک ہڑتال بھی کر رہے ہیں ۔ بھوک ہڑتال کرنے والے نوجوان بھوپندر سنگھ اور سوہن چند سمیت 18زیر حراست ارکان کی رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔بھوپندر سنگھ کی اہلیہ شیوانی جموال کی قیادت میں مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر نظر بندوں کی رہائی اورمنصوبے کو فوری بند کرنے کے مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیں گے ۔سنگھرش سمیتی کے مطابق یہ منصوبہ یاتراکے روایتی راستے اور مقامی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے ۔







