مقبوضہ جموں و کشمیر

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے، حریت کانفرنس

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زوردیاہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کروائے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے 5جنوری کوکشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے سلسلے میں سرینگر میں جاری ایک بیان میں جموں وکشمیرمیں رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا۔ 1949میں اس دن منظو کی گئی قرارداد میں سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کافیصلہ خود کرنے کا حق دیاتھا۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر خاص طور پر 5اگست 2019کے بعد سے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے، جب مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرکے اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کردیاتھا۔انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اوردیگر حریت رہنمائوں ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی سمیت ہزاروں کشمیریوں کی جھوٹے الزامات کے تحت مسلسل غیر قانونی نظربندی کی بھی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ متنازعہ علاقے پر غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی ادارے میں بھارت اور پاکستان دونوں نے جموں و کشمیر میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کرانے کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زوردیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button