مقبوضہ جموں و کشمیریوم حق خودارادیت

دنیا بھر میں کشمیری کل” یوم حق خود ارادیت ”منائیں گے

بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ سے خاتون سمیت تین افراد گرفتار کر لیے

سرینگر : کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم حق خود ارادیت منائیں گے اور اپنے اس عزم کی تجدید کریں گے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اپنے ناقابلِ تنسیخ حق”حق خود ارادیت” کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 5جنوری 1949 کوایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے سوال کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔ کل دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، سیمیناروں اور کانفرنسوں سمیت مختلف مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا اور اقوام کو یاد دلایا جائے گا کہ اسے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرانا چاہیے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طو ر پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میںدنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کل یوم حق خود ارادیت بھرپور طریقے سے منا کر بھارت کیساتھ ساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کردیں کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو حق خو دارادیت کی فراہمی میں بنیادی رکاوٹ بھارت کی ہٹ دھرمی اور توسیع پسندانہ عزائم ہیں۔ مسرت عالم بٹ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے 5 جنوری 1949 کو منظور کی گئی قرارداد پر اب تک عملدرآمد نہ ہونا عالمی ادارے کے وجود پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے اور کشمیر پر اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری نہ کرنے پر اسکا محاسبہ کریں۔
جیل میں نظر بند بلال احمد صدیقی، سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، جنید الاسلام، زمرودہ حبیب، فریدہ بہن جی، ڈاکٹر مصعب، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور نیشنل فرنٹ سمیت حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے حق خودارادیت کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کی بے پناہ قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن وترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
سرینگر سمیت مقبوضہ جموں وکشمیرکے مختلف اضلاع میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن کے ذریعے اقوام متحدہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھنے کا نوٹس لے۔ پوسٹروںمیں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت بین الاقوامی برادری کو علاقے کی اصل صورتحال کے بارے میں گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ادھر بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ میں خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ۔ رفیق احمد شیخ اور شمیمہ بیگم کو بونیار جبکہ اویس بشیر کو سوپور سے گرفتار کیا گیا۔ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سدرہ کوٹ پائین میں بھارتی فوج کا ایک ٹرک گہری کھائی میں گرنے سے چار فوجی ہلاک اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button