نئی دلی میں سی آر پی ایف کے دو اسکولوں کو بم کی دھمکیاں موصول
نئی دلی: بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں منگل کی صبح بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزروپولیس فورس کے دو اسکولوں کوبم کی دھمکیاں موصول ہوئی، جس کے بعد اسکولوں کو خالی کرواکے تلاشی لی گئی ۔
کشمیری میڈیا سروس کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے صبح 9بجے کے قریب پولیس کنٹرول روم کو کال کرکے دعوی کیا کہ پرشانت ویہاڑ اور دوارکا میں موجود سی آر پی ایف کے اسکولوں میں دھماکہ خیز مواد موجود ہے ۔ مقامی پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دلی فائر سروسز کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں ۔ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ تلاشی کیلئے دونوںاسکولوں کی عمارتوں کو خالی کروالیاگیا ہے ۔دلی فائر سروسز نے تصدیق کی ہے کہ اسکولوں کی مکمل تلاشی کے بعد کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی اور بم کی موجودگی کی دھمکیاں جھوٹی ثابت ہوئیں۔ پولیس کال ریکارڈ اور تکنیکی تفصیلات کا تجزیہ کر رہی ہے تاکہ کال کرنے والے کی شناخت کاپتہ لگایاجاسکے ۔







