میر واعظ کی معراج النبیۖ کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے معراج النبیۖ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ بابرکت رات ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ۖ کے آسمانی سفر کی یاد تازہ کرتی ہے، یہ ایک ایسا واقعہ ہے جو خالق اور اس کی مخلوق کے درمیان آفاقی تعلق کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ معراج النبیۖ محض ایک معجزاتی واقعہ نہیں بلکہ یہ حضور اکرم ۖ کی روحانی عظمت، اخلاقی بلندی اور ہماری زندگی میں ایمان کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ معراج کا سفر اللہ کے سامنے سر تسلیم خم کرنے، عدل، ہمدردی ،علم اور سچائی کی جستجو کی مرکزی اقدار کو اجاگر کرتا ہے۔میرواعظ نے کہا آئیے اس مقدس واقعے کی یاد مناتے ہوئے ہم عہد کریں کہ پیغمبر اسلامۖکی تعلیمات کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں شامل کریں گے۔ علم، عاجزی اور انسانیت کی خدمت کو اہمیت دیں گے جس کی تعلیم قرآن پاک میں دی گئی اورجس کا عملی نمونہ نبی پاک ۖ نے اپنی پوری زندگی میں پیش کیاہے۔








