بھارت کا خود کو جمہوری ملک کہنا شرمناک ہے، انجینئر امیر مقام
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر،گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر پرغیر قانونی تسلط کے باوجود بھارت کا خود کو جمہوری ملک کہنا شرمناک ہے۔کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق انہوں نے بھارت کے یوم جمہوریہ یوم سیاہ کو طور پر منانے کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ ایک طرف بھارت یوم جمہوریہ منارہا ہے اوردوسری طرف اس نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق غصب کررکھے ہیں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدترین مظالم ڈھارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر باعثِ افسوس ہے کہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے غیر قانونی طور پرجموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے اور انہیں جبر، تشدد اور بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے لیکن اِن مظالم کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ اٹوٹ ہے او ر بھارت ان کی جدوجہد ِآزادی کو دبایا نہیںسکا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے، پاکستان بہادر کشمیری عوام کی منصفانہ جد و جہد اور حق ِخودارادیت کے حصول میں ان کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کی قرارداد اقوام متحدہ نے منظور کر رکھی ہے لہذا یہ عالمی ادارے کی بھی ذمہ داری کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے ۔