یوم شہدائے جموں ، مظفر آباد اور میر پور میں سیمینارز کا انعقاد
مقررین کاشہدائے جموں کوشاندارخراج عقید ت
یوم شہدائے جموں ، مظفر آباد اور میر پور میں سیمینارز کا انعقاد
مقررین کاشہدائے جموں کوشاندارخراج عقید ت
میرپور 06 نومبر (کے ایم ایس)
یومِ شہدائے جموں کے سلسلے میں آزاد جموں و کشمیر کے شہروں مظفر آباد اور میرپور میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ ، لبریشن سیل اورآل جموں ریفیوجیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک سیمینار زمنعقد کئے گئے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نومبر 1947 کے پہلے ہفتے میں پاکستان ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیریوں کا قتل عام کیا گیا تھا۔ مہاراجہ ہری سنگھ کی ڈوگرہ فورسز، بھارتی فوجیوں اور ہندو مہاسبھا سمیت ہندوتوا تنظیموں نے اس قتل عام میں حصہ لیاتھا۔
مظفر آباد میں منعقدہ سیمینار سے سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر ،کل جماعتی کانفرنس کے رہنما چوھدری شاہین اقبال،، زاہد صفی، مشتاق الاسلام، اشفاق مجید میر، پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر اور نائلہ الطاف کیانی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام آج بھی اپنے حقِ آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور شہدا کی قربانیوں نے تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ جموں کے مسلمانوں نے اپنے لہو سے جدوجہد آزادی کی تاریخ رقم کی، ڈوگرہ حکمرانوں اور ہندو بلوائیوں کی جانب سے مسلمانوں کا جس بے دردی سے قتل عام کیا گیا، تاریخ اس سانحے کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج بھی نو لاکھ سے زائد بھارتی فورسز کی موجودگی کے باوجود کشمیریوں نے آزادی کی شمع روشن رکھی ہوئی ہے۔ گزشتہ 79 برسوں کے دوران لاکھوں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔
مقررین نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت کی ہے اور عالمی سطح پر ان کے موقف کی بھرپور وکالت کر رہا ہے جبکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوششوں میں مصروف ہے تاہم کشمیری عوام اپنے عزم اور قربانیوں سے ان کوششوں کی مزاحمت کر رہے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔
میر پور میں سیمینار سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، حریت رہنما راجہ خادم حسین، لبریشن سیل کے ڈائریکٹر سردار ساجد محمود، سپریم کورٹ بار کے صدر فیاض حیدر، ایڈووکیٹ محمود قریشی، چوہدری رخسار اور نعیم اختر چوہدری نے خطاب کیا۔ مقررین نے شہدائے جموں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی ۔ انہوں نے 1947 میں جموں کے مسلمانوں کی نسل کشی کو دنیا کے عظیم ترین المیوں میں سے ایک قرار دیا۔
مقررین نے کہا کہ شہدا نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنا ہے۔ مقررین نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے تنازعہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر محض ایک سیاسی تنازعہ نہیں بلکہ ایک اہم بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ اس کا تعلق کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، سیاسی مستقبل اور حقِ خودارادیت سے ہے۔









