جدہ: شمیم شال کے اعزاز میں استقبالیہ، مقررین کا مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر اظہار تشویش

جدہ:سعودی عرب کے شہر جدہ میں کمیونٹی رہنماوں اور کشمیری تارکین وطن نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کی رہنما شمیم شال کے اعزار میں استقبالیہ کا اہتمام کیا ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق استقبالیہ تقریب کی صدارت کونسلیٹ جنرل پاکستان ماجد خالدنے کی۔ تقریب میں سردار اقبال ، مسعود قریشی ، عبدالطیف عباسی محمد عارف مغل ،خورشید متیال ،راجہ شمروز ،راجہ ریاض ،سردار اشفاق ، چوہدری ریاض گمھن مسرت خلیل ،محمد عدیل ،خالد خورشید،سردار مہتاب سرور ،سردار نعمان اقبال،سردار بلال شاہین سجاداور دیگر شریک تھے۔
مقررین نے اس موقع پر مقبوضہ جموںوکشمیر کی سنگین صورتحال پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت جبر وا ستبداد کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے اور کشمیری اپنے شہداءکے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔
مقررین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم اور ریشہ دوانیوں کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی پاس کر دہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے کردار ادا کرے۔ انہوںنے کشمیر کاز کیلئے شمیم شال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں رنگ لائیں گی اور جموں وکشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا






