APHC

بھارت ، پاکستان تنازعہ کشمیر کو نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کریں، حریت کانفرنس

کشمیری بھارتی قبضے میں خوف ودہشت کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، ترجمان

سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک دیر پا اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی یہ منصبی ذمہ داری ہے کہ وہ تقریبا78سال پرانے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں ۔انہوںنے تشویش کااظہار کیا کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے میں مسلسل خوف ودہشت کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کو مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت سلب کرنے کے بعد علاقے میں نت نئے قوانین نافذ کیے جنکا واحد مقصد کشمیر یوں سے انکا سب کچھ چھیننا اور علاقے کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں نے مقامی آبادی کے خلاف دہشت گردی کا راج شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ گجر بکروال برادری کے گھروں کو مسمار کر کے انہیں دربدر ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت بڑی ڈھٹائی سے اپنے آئینی وعدوں اور ضمانتوں سے مکر گیا اور آر ایس ایس کے ہندو توا یجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے جموں وکشمیر کی کی خصوصی حیثیت اور منفرد شناخت ختم کی ۔انہوں نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں دیر پا امن وسلامتی ہرگز ممکن نہیں اور نہ ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری آسکتی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button