یوم یکجہتی کشمیر کل منایا جائے گا

اسلام آباد:پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کل(بدھ کو)یوم یکجہتی کشمیر منائیں ۔ اس موقع پر پاکستان کو جموں وکشمیر سے ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔کشمیرمیڈیسروس کے مطابق پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال 5فروری کو یو م یکجہتی کشمیر منا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی اور انکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔اس موقع پر پاکستانی قوم کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا جاتاہے ۔مظلوم کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور عالمی برادری کو دیرینہ تنازعہ کے حل کے حوالے سے اس کی ذمہ داریاں یاد دلانے کے لئے اس دن کو منانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔اس موقع پر بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لئے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں ریلیاں، جلسے اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔بیرون ملک تمام پاکستانی مشنزمیں سیمینارزاورتصویری نمائشو ں کااہتمام کیاجائے گا تاکہ دنیا کی توجہ مظلوم کشمیریوں کی حالت زار کی جانب مبذول دلائی جاسکے۔کوہالہ، ہولاڑ، برار کوٹ، ڈھلکوٹ، آزاد پتن، دھان گلی، منگلا سمیت پاکستان کو کشمیر سے ملانے والے پلوں پر صبح 10 بجے انسانی ہاتھوں کی زنجیریںبنائی جائیں گی۔ آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان سے ہزاروں افراد انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائیں گے اور بھارتی قابض افواج کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت کا اظہار کریں گے۔پاکستان یوم یکجہتی کشمیر 1975سے مسلسل منارہا ہے۔ اس دن پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام اپنے حقوق اور آزادی کے لیے لڑنے والے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔







