کشمیری تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے منتظر ہیں، میر واعظ پاکستان سے اظہار تشکر
سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ اقوام متحدہ کیطرف سے تسلیم شدہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے آج” یوم یکجہتی کشمیر “کے موقع پرایک بیان میں کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کا باعث بن رہا ہے جس کیطرف عالمی برادری کو فوری توجہ دہنے کی ضرورت ہے۔
میر واعظ نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور جنوبی ایشیائی خطے میں انصاف اور امن کو یقینی بنانے کے لیے کردارکریں۔
میرواعظ نے غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی یکجہتی کشمیریوں کے اپنے ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے پرامن جدوجہد میں ان کے عزم کو تقویت دیتی ہے۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بامعنی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔








