یوم یکجہتی کشمیر

پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا ،نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار

اسلام آباد :
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل اور پختہ حمایت کا اعادہ کرتا ہے، بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی اقوام متحدہ کے چارٹر، متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی صریحا خلاف ورزی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے تحت کشمیری عوام آج بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں تاہم ان کی ثابت قدمی اور استقامت ان کے منصفافہ موقف کی صداقت کی گواہی دیتی ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر کی بنیاد بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ان قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی ہے جن کے تحت کشمیری عوام کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا حق دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی اقوام متحدہ کے چارٹر، متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی صریحا خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارت نے قانونی تحفظات کو ختم کیا ، مقامی اداروں کو کمزور کیا اور متنازعہ خطے پر مستقل قبضے کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کئے جن میں آبادی کے تناسب کی مصنوعی تبدیلی کے ذریعے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ، میڈیا کو سرکاری بیانیے کی پابندی پر مجبور کرنا اور ہر قسم کی اختلاف رائے کو جرم بنانا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندو توا پر مبنی نظام کے تحت بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کو مسلسل امتیازی سلوک کا سامنا ہے، حالیہ اقدامات جن کے تحت مساجد کی پروفائلنگ کی جارہی اور علمائے دین کو اپنی ذاتی معلومات ، تصاویر اور مسلکی وابستگیاں فراہم کرنے پر مجبور کیا جارہاہے ، ادارہ جاتی اسلاموفوبیا کی سنگین مثال ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ ماورائے عدالت قتل ، جبری گمشدگیاں ، من مانے حراستی اقدامات اور بنیادی آزادیوں پر پابندیاں بدستور جاری ہیں، حال ہی میں اقوام متحدہ کے ماہرین نے تقریبا 2800افراد کی جبری حراست کی نشاندہی کی ہے جن میں صحافی، طلبہ اور انسانی حقوق کے کارکن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات پر اسے جوابدہ ٹھہرانے، مقبوضہجموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لینے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور کشمیری عوام کو ان کا وعدہ شدہ حق خود ارادیت دلانے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ہماری تمام تر کوششیں تنازعہ کشمیر کے پرامن ، منصفانہ اور دیرپا حل کے حصول پر مرکوز رہیں گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button