انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے فاختائیں آزاد کی گئیں
اسلام آباد10 دسمبر (کے ایم ایس)
یوتھ فورم فار کشمیر نے اسلام آباد میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے فاختائیں آزاد کیں جوکہ امن کا نشان ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یوتھ فورم فار کشمیر کی جانب سے فاطمہ جناح پارک اسلام آباد میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کو امن کا پیغام بھیجنے کیلئے فاختائیں آزاد کی گئیں۔پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی سربراہ اور کشمیری حریت رہنماء محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشال حسین ملک ، رکن قومی اسمبلی نورین فاروق ابراہیم ، حریت آزاد کشمیر کے رہنماء عبدالحمید لون ، سماجی اور انسانی حقوق کی کارکن ام رباب چانڈیواور تحریک انصاف کی رہنما خولہ خان سمیت لوگوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجودتھی ۔ مشال ملک نے کہاکہ فاختائوں کو آزاد کرنا آزادی کی علامت ہے اور مقبوضہ کشمیرکے عوام کو اپنی ہی سرزمین پر ظلم و تشدداور گرفتاریوں کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی تقاریب سے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کیاجائیگا۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارت میں سکھوں ، مسلمانوں اور دلتوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے ۔مشال ملک نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کرے اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام اور ان پر ڈھائے جانیوالے مظالم بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ نورین فاروق ابراہیم ، عبدالحمید لون ، ام رباب اور خولہ خان نے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیرکی موجودہ سنگین صورتحال اور بھارتی فوج کے ظلم و تشدد کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیوں کو بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کی مکمل آزادی دے رکھی ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اورمقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔