یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مظفر آباد میں مشعل بردار ریلی کا اہتمام
پاکستان کے مختلف شہروں سے نوجوان بائیکرز کی ریلی کوہالہ پہنچ گئی
مظفر آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ اور پاسبان حریت کے زیر اہتمام مظفرآباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ایک مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویز احمد اوردیگر حریت رہنمائوں، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی اورپیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاویدمیرنے کی ۔ریلی میں نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بھارت کے خلاف اورمقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔
دریں اثناء یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں سے نوجوان بائیکرز کی ریلی کوہالہ پہنچ گئی ۔ لاہور اور دیگر شہروں سے سو سے زائد بائیکرز کے کوہالہ پہنچنے پر الپائن کلب کے صدر نثار احمد شائق اورچیئرمین پاسبان حریت جموں و کشمیر عزیر احمد غزالی نے ان کا استقبال کیا ۔کشمیر یونائیٹڈ مومنٹ کے رہنما صہیب کشمیری ، سماجی رہنما مہتاب اشرف ، اسٹنٹ کمشنر دھیر کوٹ، اسسٹنٹ کمشنر گلیات اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بائیکرز ریلی کی قیادت ناصر شاہ ، خالد چیمہ اور راجہ عبد الواحد ایڈووکیٹ کررہے تھے۔ بعد میں بائیکرز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے کوہالہ پل سے پیدل مارچ کیا ۔ریلی میں شریک شہریوں نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم لہرائے ۔ انہوں نے آزادی کشمیر کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔ راجہ نثار احمد شائق نے اس موقع پر کہاہم ینگ بائیکرز ایسوسی ایشن کے صدر اور ان کے ساتھ آنے والے بائیکرز کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی یقینی طور پر ہمارے لیے حوصلے کا باعث ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام مملکتِ خداداد پاکستان اوراس کے عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور عقیدت و محبت رکھتے ہیں۔