واشنگٹن :نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے خلاف ڈیجیٹل ٹرکوں کے ذریعے احتجاجی مہم
واشنگٹن: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے ورلڈ کشمیر اوئیر نس فورم کے زیر اہتمام ڈیجیٹل اشتہاری مہم شروع کی گئی ۔ مہم کے دوران ڈیجیٹل اشتہاری ٹرک وائٹ ہائوس، کیپیٹل ہل کے علاوہ دیگر وفاقی عمارتوں اور غیر ملکی سفارت خانوں کے باہر سڑکوں پر گشت کرتے رہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈیجیٹل ٹرکوں کے ذریعے ٹرمپ انتظامیہ کو پیغام دیا گیا کہ کشمیر یوں کو جبری طورپرخاموش نہیں کرا جا سکتا۔ صدر ٹرمپ کو اب عمل کرنا چاہیے۔ ڈیجیٹل ٹرکوں پرنصب الیکٹرانک اسکرینوں پر "فاشسٹ مودی کاوائٹ ہائوس سے کوئی تعلق نہیں ،مودی گجرات میں انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم ،مودی ایک قاتل ، مقبوضہ کشمیر کو آزادکرو،مودی کشمیر میں جرائم میں ملوث، مودی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم،حیوانیت کا ذمہ دار،بھارت کشمیر میں زمینوں پر قبضہ کرنا بند کرے ،مودی انسانیت کے خلاف جرائم ملوث "جیسے نعرے درج تھے۔ ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے خبردار کیا ہے کہ نریندر مودی صدر ٹرمپ کو کبھی نہیں بتائیں گے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے 2005 میں گجرات میں انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہونے پر ان کا ویزا منسوخ کر دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ مودی صدر ٹرمپ کو یہ بھی ہرگز نہیں بتائیں گے کہ ‘مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کنی نسل کشی جاری ہے اورمیڈیا پر قدغن عائد ہے ‘جیسا کہ چیئرمین جینوسائیڈ واچ کے ڈاکٹر گریگوری اسٹینٹن اور نیویارک میں قائم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے رپورٹوں میں حوالہ دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی صدر ٹرمپ کو یہ بھی نہیں بتائیں گے عالمی شہرت یافتہ بھارتی ناول نگار اور انسانی حقوق کی کارکن اروندھتی رائے نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا فوجی علاقہ قراردیا ہے ۔ڈاکٹر فائی نے سوال کیاکہ کیا بھارت کو بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی دھجیاں اڑانے اورکشمیریوں کی نسل کشی کا لائسنس دیاجانا چاہیے؟انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ٹرمپ مقبوضہ کشمیر کو اگلا روانڈا بننے اورکشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ روک سکتے ہیں ۔اس موقع پر ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے صدر ڈاکٹر غلام این میر،کشمیری نژاد امریکی اسکالر ڈاکٹر امتیاز خان،’فرینڈز آف کشمیرکی چیئرپرسن محترمہ غزالہ حبیب، خالصتان افیئر سینٹرکے صدر ڈاکٹر امرجیت سنگھ اوردیگر نے بھی خطاب کیا ۔