بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، مشعال ملک
لاہور:
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سفارتی کوششیں ناکافی ہیں ۔کشمیر کا مقدمہ بین الاقوامی عدالتوں میں لے جایا جاناچاہیے ۔انہوں نے کہاکہ وہ نہیں سمجھتی کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات ممکن ہیں اور اسے مذاکرات کی دعوت دینے کا بھی کوئی فائدہ نہیں۔انہوں نے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کیس کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ اگر بھارت دہشت گرد کلبھوشن یادو کے کیس کو عالمی عدالت انصاف میں لے جا سکتا ہے تو پاکستان یاسین ملک کا مقدمہ وہاں کیوں نہیں لے جا سکتا؟مشعال ملک نے کہا کہ پاکستانی آرمی چیف کا کشمیر کے لیے دس جنگیں لڑنے کا بیان خوش آئند ہے۔ سیاستدانوں کا کام ہے کہ وہ کشمیر کا مقدمہ عالمی رہنمائوں کے سامنے موثر انداز میں پیش کریں۔ صرف تقاریر کرنے کے بجائے ان کا باقاعدہ فالو اپ بھی ہونا چاہیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو کبھی بھی بھارتی عدلیہ سے انصاف نہیں ملا۔ دنیا بھر میں رہنمائوں کو جیلوں میں ڈالا جاتا ہے، لیکن کہیں بھی یکطرفہ فیصلے نہیں ہوتے۔ تحریک آزادی کشمیر کو قیادت سے محروم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اورپوری حریت قیادت کوجیلوں میں قید کر دیا گیا ہے۔ سید علی گیلانی کو جس طرح شہید کیا گیا،وہ سب کے سامنے ہے۔