اقوام متحدہ :پاکستان نے جموں وکشمیر کے اٹوٹ انگ ہونے کے بھارتی دعوے کو مسترد کردیا
اقوام متحدہ:
پاکستان نے کہاہے کہ جموں وکشمیر بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ تنازعہ ہے اورمن گھڑت اور مبہم دعوئوں سے قانونی، سیاسی اور تاریخی حقیقت کو تبدیل نہیں کیاجاسکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں تعینات سفارتکار آصف خان نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ جموں و کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ تھا نہ ہے ۔انہوں نے ان خیالات اظہار بھارتی سفیر پرواتھانینی ہریش کے اس دعوے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ اور ناقابل تنسیخ حصہ ہے ۔بھارتی سفیر نے یہ دعویٰ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے سلامتی کونسل سے حالیہ خطاب کے جواب میں کیا۔ اسحاق ڈار نے دہائیوں پرانے تنازعہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیاتھا اور اسے ایک ایسا زخم قرار دیا تھاجس سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ وزیرخارجہ نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ پاکستانی مندوب آصف خان نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔انہوں نے بھارتی مندوب سے کہا کہ اس حقیقت کے ادراک کیلئے انہیں صرف اقوام متحدہ کے سرکاری نقشوں سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا قبضہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے جن میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ تنازعہ کشمیر کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے ذریعے کریں گے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ کشمیریوں کے اس ناقابل تنسیخ حق کو بھارت نے 7 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے بین الاقوامی قانون اور عالمی ادارے کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے سلب کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر میں 9لاکھ سے زائد فوجیوں کو تعینات کر کے کشمیر یوں پر وحشیانہ ظلم و جبر کے ذریعے قبضے کر رکھا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 5اگست 2019سے بھارت مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی آبادی کوتبدیل کرنے کی سازش کر رہاہے۔تاہم وہ کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کی جدوجہد کو فوجی طاقت اوروحشیانہ ہتھکنڈوں سے دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ کوئی بھی یکطرفہ اقدام بشمول غیر ملکی قبضے کے تحت کسی بھی قسم کے جعلی اورڈھونگ انتخابات جموں و کشمیر کے تنازعے کا حل نہیںہوسکتے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی بجائے بھارت کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے اور کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے استعمال کی اجازت دینی چاہیے۔ انہوں نے پاکستان پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات بارے آصف خان نے کہا کہ یہ سب سے ستم ظریفی ہے کہ بھارت جو ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل کا ارتکاب کر رہا ہے، خود کو دہشتگردی کے شکار کے طور پر پیش کر رہا ہے۔